قطر سپین میں یورپ کی سب سے بڑی مسجد تعمیر کرے گا
بارسلونا (نیوز ڈیسک) سپین کے اخبار ”20منوتو“ نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر کے امیر نے بارسلونا کے بل فائٹنگ سٹیڈیم کو 40 ہزار افراد کی گنجائش رکھنے والی مسجد میں تبدیل کرنے کے لئے 3 ارب ڈالر کی خطیر رقم فراہم کرنے کی حامی بھری ہے ۔ یہ یورپ کی سب سے بڑی جبکہ دنیا کی تیسری بڑی مسجد ہو گی .شہری کونسل سے منظوری کی صورت میں 2020ءتک اس پراجیکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اخبار کے مطابق اس مسجد میں کانفرنس ہال، قرآن سٹڈی سنٹر، اسلامک عجائب گھر بنائے جائیں گے اور 300 افراد کی رہائش کی بھی گنجائش ہوگی۔ ”پلازا مونیومنٹل دی بارسلونا“ نامی سٹیڈیم کی مالک کمپنی بالانا گروپ نے اس کی فروخت کی حامی بھرلی ہے لیکن اس کے لئے شہری کونسل سے منظوری ضروری ہے۔ 2012ءمیں حاصل کئے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق شہر میں کم از کم 5 لاکھ مسلمان مقیم تھے لیکن عبادت کے لئے کوئی بڑی مسجد موجود نہیں۔ بل فائٹنگ سٹیڈیم 1914ءمیں کھولا گیا تھا اور 2010ءمیں ”بل فائٹنگ“ پر پابندی کے باعث اب اس میں موسیقی کے میلے یا اس قدر کی دیگر تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔
Comments
Post a Comment