عراق، فوجی کاروائی میں 106 دہشت گرد ہلاک
عراق، فوجی کاروائی میں 106 دہشت گرد ہلاک
عراق میں فوجی کاروائی کے دوران 106 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مسلح افواج کے ترجمان جنرل قاسم عطا نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئےبتایا کہ دیالی، الانبار اور بابل میں فوج کی کاروائی میں 106 مسلح دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ کاروائی کے دوران ان کی دس گاڑیوں کوتباہ کر دیا گیا۔
فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فوج کے خصوصی دستوں نے فضائیہ کی مدد سے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران الانبار صوبے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی جس میں 79 داعش کے دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اس کاروائی میں دہشت گردوں کی چھ گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔
جنرل عطا کا کہنا تھا کہ فوج کے دوسرے خصوصی دستوں نے دیالی میں ایک مہم کے دوران 21 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ اس کاروائی میں ان کی تین گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج کی اس کاروائی کے دوران علاقے میں داعش کا سرغنہ ابو عبد اللہ الافغانی بھی مارا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح بابل صوبے کے الرویعیہ علاقے میں فوج اور قبائلی جوانوں کی کاروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کی ایک گاڑی کو تباہ کر دیا گیا۔
انہوں نے مسلح افواج کی حمایت کرنے پر ملک کے قبائل اور رضاکار فورس کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائل اور رضاکار فورس کی مدد سے بہت سے علاقوں کو دہشت گرد تنظیم کے وجود سے پاک کر دیا گیا ہے۔
Comments
Post a Comment