حکومت کی مکمل عمل داری تک شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری رہے گا،وزیراعظم
حکومت کی مکمل عمل داری تک شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری رہے گا،وزیراعظم
تابڑ توڑ فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں
دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے،فوٹو:پی آئی ڈی
اسلام آباد: وزیراعظم
نوازشریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے امن کے لئے مطلوبہ کامیابیاں حاصل کی
ہیں تاہم حکومت کی مکمل عمل داری تک شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری رہے
گا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے جنرل ہیڈ کوارٹر
راول پنڈی کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال
کیا اور وزیراعظم کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش
کیا جبکہ وزیراعظم نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ
خوانی بھی کی، اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیردفاع خواجہ آصف،وزیرداخلہ
چوہدری نثار،وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور سرتاج عزیز اور طارق
فاطمی بھی موجود تھے۔
دورہ جی ایچ کیو میں عسکری حکام نے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب پر
تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے دوران اب تک 450 سے زائد دہشت
گرد مارے جاچکے ہیں جبکہ اس دوران پاک فوج کے کیپٹن سمیت 26 جوان بھی شہید
ہوئے، عسکری حکام نے بتایا کہ آپریشن میں میران شاہ کے علاقے کو دہشت
گردوں سے پاک کرالیا گیا ہے اور اب فورسز کی میر علی کی جانب پیش قدمی جاری
ہے جبکہ اگلے مرحلے میں شوال اور دتہ خیل میں بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔
ڈی جی ملٹری آپریشنز نے نے آپریشن کے تمام مراحل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا
کہ آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والوں کا قلع قمع کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے آپریشن میں کامیابیوں پر فوج کو خراج
تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن
کے لئے پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، ہماری افواج نے امن کے لئے
مطلوبہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تابڑ توڑ فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں
دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے،فوج اور انٹیلی جنس ادارے
دہشت گردوں کا پیچھا جاری رکھیں گے کیونکہ ہماری فوج یہ جنگ ملک میں امن
اور استحکام کے لئے لڑ رہی ہے اور مطلوبہ رفتار سے اپنے مقاصد بھی حاصل
کررہی ہے اور آپریشن کا مقصد ریاست کی رٹ قائم کرنا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے آئی ڈی پیز کی بحالی اورمینجمنٹ پر اطمینان کا
اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت آپریشن کے لئے ہر ممکن مالی
وسائل فراہم کرے گی اور اس کے علاوہ آئی ڈی پیز کی امداد و بحالی کے لئے
بھی تمام وسائل بروئے کا رلائے جائیں گے۔
Comments
Post a Comment