اچھرہ: بھتہ خوروں نے بم مارا، گولی ماری، پھر بھی پیچھا نہ چھوڑا
اچھرہ:
بھتہ خوروں نے بم مارا، گولی ماری، پھر بھی پیچھا نہ چھوڑا
لاہور (ویب ڈیسک) بھتہ خوروں نے اچھرہ کے رہائشی تاجر
ولی شاہ کے گھر کے باہر پہلے کریکر دھماکہ کیا، پھر فائرنگ کرکے زخمی کردیا مگر
پھر بھی پیچھا نہیں چھوڑا۔ بھتہ خوروں نے اپنا ٹھکانہ تبدیل کرکے افغانستان کے
نمبر سے فون کالز شروع کردیں۔ بھتہ خوروں نے لاہور کی ایک جوتا فیکٹری کے مالک کا
بینک اکاﺅنٹ نمبر تاجر کو پیسے بھجوانے کے لئے بھیج دیا۔ بتایا گیا کہ پولیس وزیراعلیٰ
شہباز شریف کے حکم کے باوجود تاجر ولی شاہ کو زخمی کرنے والے بھتہ خوروں کو 5 ماہ
گزرنے کے بعد بھی گرفتار نہیں کرسکی۔ پتہ چلا ہے کہ بھتہ خوروں نے شمالی وزیرستان
میں جاری آپریشن کے باعث اب اپنا ٹھکانہ تبدیل کرلیا ہے۔ بھتہ خور پہلے میران شاہ
اور چمن سے کال کررہے تھے، اب افغانستان کے نمبرز سے فون کال کرکے 25لاکھ بھتہ
مانگ رہے ہیں اور نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ مصدق ذرائع کے
مطابق پولیس کے کہنے پر ولی شاہ نے بھتہ خوروں سے کہا کہ وہ اپنا اکاﺅنٹ نمبر بھیج دیں جس
پر بھتہ خوروں نے بند روڈ پر واقع جوتوں کی فیکٹری کے مالک فیاض بھٹی کا اکاﺅنٹ نمبر بھیج دیا۔ پولیس
نے فیکٹری مالک فیاض بھٹی کو حراست میں لیا تو اس نے بتایا کہ میران شاہ کا ایک
تاجر میری فیکٹری سے جوتے منگواتا ہے، اس نے مجھے فون کر کے کہا ہے کہ مجھے اتنی
رقم کا مال بھیج دو، پیسے آپ کے اکاﺅنٹ میں بھیج دوں گا۔ تفتیش
کے بعد پتہ چلا کہ میران شاہ کے تاجر کو بھتہ خوروں نے ایسا کرنے کا کہا۔ ولی شاہ
نے بتایا کہ میں بھتہ خوروں سے بہت تنگ آچکا ہوں، ہمیشہ گھر سے کلمہ پڑھ کر نکلتا ہوں۔ موت کا خوف ہر وقت میرے سر پر
منڈلارہا ہے۔ واضح رہے کہ بھتہ خوروں نے 5 ماہ قبل ولی شاہ کے گھر کے باہر کریکر
دھماکہ کیا جس میں 12 شہری زخمی ہوگئے، بعد ازاں بھتہ خوروں نے ولی شاہ کو گھر کے
باہر فائرنگ کرکے زخمی کردیا مگر ابھی بھی پیچھا نہیں چھوڑ رہے۔
Comments
Post a Comment