تھری جی کے دھوکے میں تاوان کی وصولی، موبائل صارفین ہوشیار ہوجائیں
تھری
جی کے دھوکے میں تاوان کی وصولی، موبائل صارفین ہوشیار ہوجائیں
لاہور(نیوز ڈیسک)موبائل فون کے ذریعے سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے کے جرائم اب ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکے ہیں لیکن اس جرم کی ایک نئی قسم انتہائی خطرناک اور خوفناک ہے اور ہمیں اس سے حد درجہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
متعدد شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے افسوس ناک واقعات میں مجرم ملتا جلتا طریقہ واردات استعمال کر رہے ہیں۔عام طور پر کسی صارف کو نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوتی ہے اور ۳جی اپ گریڈیشن کیلئے یا ایسی کسی وجہ کی بنا پر تقریبا ۲ گھنٹے فون بند کرنے کو کہا جاتا ہے۔اگرچہ کال کرنے والے عادی مجرم ہوتے ہیں لیکن اپنا تعارف کمپنی کے نمائندے کے طور پر کرواتے ہیں۔
جونہی صارفی فون بند کرتا ہے یہ اس کے گھر والوں کو فون کر کے بتاتے ہیں کہ ان کے پیارے کو اغواءکر لیا گیا ہے اور تاوان کی رقم کا مطالبہ کرتے ہیں ۔عموما یہ لوگ اس بات کی معلومات پہلے ہی لے چکے ہوتے ہیں کہ صارف گھر سے باہر ایسی جگہ ہے جہاں گھر والوں کیلئے کسی متبادل نمبر پر اس سے رابطہ ممکن نہ ہو ۔فون بند ہونے کی وجہ سے گھر والوں کا سخت پریشان ہونا یقینی ہے اور متعدد واقعات میں لوگ لاکھوں روپے ان بے رحم درندوں کے حوالے کر چکے ہیں۔
یہ واردات مختلف طریقوں سے کی جا رہی ہے مگر تقریبا ہر کیس میں یہ بات مشترک ہے کہ کچھ وقت کیلئے فون بند کرنے کو کہا جاتا ہے۔ایسی کال موصول ہونے پر فون بند نہ کریں ،جوابی کال بھی نہ کریں بلکہ گھر والوں سے رابطہ کر کے انہیں صورتحال سے خبر دار کریں۔یہ کالز زیادہ تر +371 اور+375کوڈ سے شروع ہونے والے نمبروں سے کی جا رہی ہیں۔
Comments
Post a Comment