پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لیے پہلا انتخاب ہے۔ مس لی ٹونگ ||| سنہرادور رپورٹ



چین پاکستان کا دوست اور اہم اقتصادی پارٹنر ہے۔ ایف پی سی سی آئی
پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لیے پہلا انتخاب ہے۔ مس لی ٹونگ
چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔
اٹھارہ رکنی چینی وفد کی ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں سے ملاقات




اسلام آباد( سنہرادور) چین نے پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، تعمیرات ، کان کنی اور بنکنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
چینی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گذشتہ روز اسلام آباد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اور صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران پاکستان کو سرمایہ کے لیے پہلا اور بہترین انتخاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر منور مغل نے اٹھارہ رکنی چینی وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تاجر اور صنعتکار چین کو اپنا بہترین دوست ملک سمجھتے ہیں جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا دکھائی دیتا ہے۔ چین پاکستان کا اہم معاشی دوست ہے جو دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور اقتصادی ترقی کے لیے اپنا کردار بھر پور طریقے سے نبھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کے بیشتر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ہے جو ہماری دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو پیکجنگ، فوڈ پروسیسنگ، پلاسٹک، کمپیوٹر اور سیلولر چپس کے صنعتی یونٹس قائم کرنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف پاکستان کی معاشی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے بھی بے شمار مواقع میسر آسکیں گے۔
اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان کے عہدیدار عدنان جیلانی
،    طارق شفیع، عبدالروف چودھری، اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر مزمل حسین صابری، ہری پور چیمبر آف کامرس کے صدر عاطف اکرام شیخ اور چیئرمین ڈپلومیٹک افیئرز ایف پی سی سی آئی ملک سہیل حسین بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےچینی وفد کی سربراہ اور بنک آف چائنہ انٹرنیشنل کی چیئرپرسن مس لی ٹونگ نے  کہا کہ ان کا بنک ایشیاء کا سب سے بہترین بنک ہے جو ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج میں کافی عرصے سے پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔ دنیا بھر میں اس کی رینکنگ سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان پہلا اور بہترین انتخاب ہے۔ بیشتر چینی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔ چینی کمپنیاں پاکستانی صنعتکاروں کے ساتھ مل کر پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔
 مس لی ٹونگ کا کہنا تھا کہ بنک آف چائنہ انٹرنیشنل پاکستانی کمپنیوں کو پانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے لیے فنڈز فراہم کرسکتا ہے۔ پاکستانی کمپنیاں ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج میں شامل ہوکر بھاری منافع کما سکتی ہیں۔
اس موقع پر میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے صدر ژانگ ژاو ژیانگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اسٹیل سے زیادہ مضبوط،
پہاڑوں سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے۔ پاک چین دوستی لازوال ہے، جس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان کا رخ کررہی ہیں۔ اور پاکستانی صنعتکاروں کے ساتھ مل کر کاروبار کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے جس کا شمار انتہائی مختصر عرصے میں ایشیاء کی بہترین معیشتوں میں ہونے لگے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ رپورٹس اور سروے اس بات کی عکاسی کررہے ہیں کہ پاکستان بہت جلد ایشین ٹائیگر بن جائے گا۔
 چینی وفد میں بنک آف چائنہ انٹر نیشنل ، چائنہ ٹیان روئی گروپ سیمنٹ لمٹیڈ، جی سی ایل پولر انرجی ہولڈنگ لمٹیڈ، شینڈونگ ہائی اسپیڈ لمٹیڈ، میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ اور فائیو ڈریگنز الیکتریکل وہیکلز کے نمائندگان شامل ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

گجرات کے سیلاب میں سات شیر ہلاک

کیا آپ کو لفظ "گوگل "کا مطلب معلوم ہے ؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ قائد اعظم کے بیٹی دینا واڈیا اور پریٹی زنٹا کے درمیان کیا رشتہ ہے ؟ حیران کر دینے والی خبر آگئی