ملک بھر میں آقائے دو جہاںﷺ کی آمد کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے



ملک بھر میں آقائے دو جہاںﷺ کی آمد کا جشن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

عید میلاد النبیؐ ملک بھر میں انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جارہی ہے اس موقع پر ملک بھر میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ صبح بہاراں کا آغازمساجد میں قرآن خوانی، اجتماعی دعاؤں اور درود وسلام سے ہوگا اورعلمائے کرام محافل میلاد سے خطاب کریں گے۔
عیدمیلاد النبیؐ کی خوشی کے موقع پر ملک بھر میں چراغاں کیا گیا ہے، شہر شہر گلی گلی کو خانہ کعبہ اور گنبد خضرا کے ہورڈنگز، بینرز اور پرچم نبیؐ سے سجایا گیا ہے، سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں اور مساجد کو برقی قمقموں، پرچم نبویؐ، بینرز اور اسکرینوں کے ذریعے دلکش انداز میں سجایا گیا ہے، کراچی میں جشن عید میلادالنبیؐ کا مرکزی استقبالیہ کیمپ نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ پر لگایا گیا ہے جب کہ شہر کے مرکزی مقامات پر بھی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
کراچی میں عید میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس علما و مشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جو ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا نشترپارک پہنچے گا، جلوس کے شرکا نماز عصر اور مغرب نشتر پارک میں اداکریں گے، حسب روایت راستوں میں سیکڑوں مقامات پر شرکائے جلوس پر گل پاشی کی جائے گی، عید میلادالنبیؐ کے جلوس میں مخصوص پاسز والی گا ڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی، 12ربیع الاول کے جلوس اور جلسے کے حفاظتی انتظامات رینجرز، پولیس اہلکاروں کے علاوہ اسکاؤٹس بھی انجام دیں گے۔
جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اس موقع پر مختلف شہروں اور اضلاع سے جلوس، ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ جلوس کی سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جشن عیدمیلاالنبیؐ کے سلسلے میں سرکاری و نجی عمارتوں سمیت پارلیمنٹ ہاؤس کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت آزاد کشمیر میں بھی آقائے دو جہاںﷺ کی آمد کا جشن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں سرکاری و نجی عمارتوں سمیت گلی محلوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جبکہ اس موقع پر مختلف شہروں اور اضلاع سے میلاد مصطفیٰﷺ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
عید میلاد النبیؐ کے موقع پرعالم اسلام خصوصاً فلسطین ،کشمیر ،عراق ،افغانستان اور شہدائے میلاد النبی ،شہد ائے آرمی پبلک اسکو ل پشاور کے ایصال ثواب کیلیے قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت، عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی ،ترقی،خوشحالی اورامن کیلیے بھی خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی

Comments

Popular posts from this blog

گجرات کے سیلاب میں سات شیر ہلاک

کیا آپ کو لفظ "گوگل "کا مطلب معلوم ہے ؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ قائد اعظم کے بیٹی دینا واڈیا اور پریٹی زنٹا کے درمیان کیا رشتہ ہے ؟ حیران کر دینے والی خبر آگئی