کراچی ، حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں زندگی معمول پر، رینجرز اور پولیس تعینات
کراچی، حیدر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف رینجرز کے آپریشن کے بعد صورتحال معمول پر ہے ، رات بھر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،،، صبح سویرے کھلنے والے ہوٹل اور دکانیں بھی معمول کے مطابق کھلیں جبکہ شہر میں ٹرانسپورٹ بھی رواں دواں ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں صورتحال معمول پر ہے اور رات بھر کوئی ناخوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا۔صبح سویرے کھلنے والے ہوٹل ،دکانیں ، ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق ہیں۔جگہ جگہ پولیس اور رینجرز کی نفری الرٹ تعینات ہے۔گزشتہ رات کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان کا اجلاس ہوا تھا جس میں انھوں نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کو شہریوں کےجان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے تھے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اب پولیس اور رینجرز جاگیں اور عوام سکون کی نیند سوئیں۔ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ پاکستان کے خلاف نعرے لگائے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شہریوں کو یرغمال بنانے نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو ہم نے امن دیا اب اسے کوئی نہیں بگاڑ سکتا۔ادھر ڈی جی رینجرز سندھ نے بھی واضح کیا ہے کہ آج ایک بھی دکان بند نہیں ہونے دیں گے اور شر پسند عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ کراچی کے ساتھ ساتھ حیدر آباد اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی زندگی معمول کے مطابق ہے، دفاتر کھل چکے ہیں جبکہ اسکولوں میں حاضری بھی مکمل ہے۔
Comments
Post a Comment